باجوڑ: بہتر مستقبل اور روزگار کی تلاش میں بیرون ملک جانے والے باجوڑ کے 35 نوجوان لیبیا کے قریب سمندر میں کشتی ڈوبنے کے حادثے کا شکار ہو کر جاں بحق ہونے کی اطلاعات ہیں، جس کے بعد ضلع بھر میں سوگ کی فضا چھا گئی ہے، جبکہ لاپتہ نوجوانوں کی تلاش اور جاں بحق افراد کی میتیں واپس لانے کے لیے ریسکیو آپریشن جاری ہے۔
اطلاعات کے مطابق نوجوانوں کی کشتی لیبیا کے ساحل کے قریب الٹ گئی۔ تاحال ہلاکتوں کی سرکاری طور پر تصدیق نہیں ہوئی ہے اور نہ ہی جاں بحق افراد کی کوئی سرکاری فہرست جاری کی گئی ہے۔ حادثے کی خبر نے باجوڑ میں غم کی لہر دوڑا دی ہے، جہاں لاپتہ نوجوانوں کے اہل خانہ بے چینی سے خبروں کے منتظر ہیں۔
وزیر مملکت برائے قبائلی امور مبارک زیب خان نے واقعے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے بتایا کہ پاکستانی سفارتخانے اور وزارت سمندر پار پاکستانیوں کے حکام سے مسلسل رابطہ رکھا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ متعلقہ ادارے لاپتہ نوجوانوں کی تلاش اور جاں بحق افراد کی میتوں کی بازیابی کے لیے کارروائی کر رہے ہیں، جبکہ ریسکیو آپریشن میں نیوی، نیٹو اور امدادی اداروں کا تعاون بھی حاصل کیا جا رہا ہے۔
وزیر مملکت نے کہا کہ متاثرہ خاندانوں کی مشکلات کم کرنے، میتوں کی جلد وطن واپسی اور لاپتہ افراد کی تلاش کے لیے اقدامات کیے جائیں گے۔ انہوں نے بتایا کہ متاثرہ نوجوانوں کی مدد اور لاپتہ افراد کے بارے میں پیش رفت کا جائزہ لینے کے لیے کل ایک خصوصی اجلاس بھی طلب کیا گیا ہے۔
مبارک زیب خان کا کہنا تھا کہ کشتی حادثے کے بعد محفوظ رہنے والے باجوڑ کے نوجوانوں سے رابطہ کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ باجوڑ کا ہر نوجوان ان کے لیے قیمتی ہے اور ان کی حفاظت اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے جاں بحق افراد کے لیے مغفرت اور سوگوار خاندانوں کے لیے صبر کی دعا کرتے ہوئے کہا کہ متاثرہ خاندانوں کو ہر ممکن مدد فراہم کرنے کی کوشش کی جائے گی۔
دوسری جانب ڈپٹی کمشنر باجوڑ نے بھی حادثے میں نوجوانوں کی ہلاکت پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ضلعی انتظامیہ غمزدہ خاندانوں کے دکھ میں برابر کی شریک ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ کشتی حادثے کی شفاف اور مکمل تحقیقات کی جائیں گی، جبکہ انسانی اسمگلنگ میں ملوث عناصر کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
ڈپٹی کمشنر کے مطابق متاثرہ خاندانوں کو انصاف کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے تمام ضروری اقدامات کیے جائیں گے۔ بہتر مستقبل کی تلاش میں بیرون ملک جانے والے نوجوانوں کی اس المناک موت نے انسانی اسمگلنگ کے خطرات اور غیر قانونی راستوں سے بیرون ملک سفر کے سنگین نتائج کو ایک بار پھر نمایاں کر دیا ہے، جبکہ باجوڑ میں متاثرہ خاندان اپنے پیاروں کے بارے میں سرکاری تصدیق کے منتظر ہیں۔








