انتظامیہ کے مطابق یہ آپریشن ایک ماہ تک جاری رہے گا اور اس کا مقصد عوامی راستوں کی بحالی، ٹریفک کی روانی بہتر بنانا اور شہریوں کو درپیش مشکلات کا خاتمہ ہے۔ کارروائی اسسٹنٹ کمشنر باغ اور سٹی آفیسر میونسپل کارپوریشن کی نگرانی میں مرحلہ وار مکمل کی جائے گی۔
پہلے مرحلے میں سڑکوں، بازاروں اور فٹ پاتھوں پر قائم غیر قانونی تھڑوں، شیڈز اور ریڑھیوں کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔ دوسرے مرحلے میں مستقل تجاوزات اور قواعد و ضوابط کی خلاف ورزی کرتے ہوئے تعمیر کی گئی عمارتوں کو آپریشن میں شامل کیا جائے گا۔
اسسٹنٹ کمشنر باغ سبیل منہاس، اسٹیٹ آفیسر سرفراز بیگ اور ڈی ایس پی سردار شفیق نے کہا کہ شہر کو تجاوزات سے پاک کرنے کے لیے عملی اقدامات شروع کر دیے گئے ہیں۔ آپریشن کے دوران دکانوں کے باہر قائم تھڑوں، غیر قانونی شیڈز اور بازاروں میں راستوں کی بندش کا سبب بننے والی ریڑھیوں کے خلاف کارروائی ہوگی۔
انتظامیہ کے مطابق شہریوں اور تاجروں کو اپنی تجاوزات رضاکارانہ طور پر ختم کرنے کے لیے پہلے ہی مناسب وقت دیا گیا تھا۔ ڈپٹی کمشنر آفس نے 17 نومبر سے گرینڈ آپریشن شروع کرنے کا اعلان کیا تھا اور عوام کو پیشگی آگاہ کرنے کے لیے تین روز تک لاؤڈ اسپیکر کے ذریعے اعلانات کیے گئے۔ اخبارات، سوشل میڈیا اور دیگر ذرائع ابلاغ سے بھی تاجروں اور شہریوں کو مطلع کیا گیا کہ وہ دکانوں کے باہر قائم غیر قانونی تھڑے، شیڈز اور دیگر تجاوزات خود ختم کر دیں۔
اسسٹنٹ کمشنر سبیل منہاس کا کہنا تھا کہ شہر میں بڑھتی ہوئی تجاوزات کے باعث شہریوں، بالخصوص پیدل چلنے والوں اور گاڑیوں کے ڈرائیوروں کو مشکلات کا سامنا ہے۔ بازاروں میں غیر قانونی قبضوں سے سڑکیں اور گزرگاہیں سکڑ جاتی ہیں، جس سے ٹریفک کی روانی متاثر ہوتی ہے اور تجارتی مراکز میں رش اور بدنظمی بھی بڑھ جاتی ہے۔
انتظامیہ نے کہا کہ اس مہم کا مقصد کسی کا کاروبار متاثر کرنا نہیں بلکہ شہری نظم و ضبط قائم کرنا، عوامی راستے بحال کرنا اور ٹریفک کے مسائل حل کرنا ہے۔ انتظامیہ نے تاجروں، دکانداروں، ریڑھی بانوں اور دیگر کاروباری افراد سے تعاون کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ سرکاری حدود، فٹ پاتھوں اور عوامی گزرگاہوں پر کسی قسم کی رکاوٹ پیدا نہ کی جائے۔








