کراچی کے علاقے لانڈھی میں دکان پر کام کرنے والے 15 سالہ لڑکے پر مبینہ تشدد کی ویڈیو سامنے آنے کے بعد پولیس نے دکان مالک کو حراست میں لے لیا ہے۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق شیرپاؤ کالونی کے رہائشی 15 سالہ قمر پر دکان مالک سجاد نے مبینہ طور پر تشدد کا نشانہ بنایا۔ متاثرہ لڑکے کے جسم اور گلے پر تشدد کے نشانات واضح طور پر دیکھے جا سکتے ہیں۔ اہل خانہ نے مطالبہ کیا ہے کہ اعلیٰ پولیس حکام واقعے کا نوٹس لیں اور ملزم کے خلاف کارروائی کریں۔
پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کی تحقیقات کی جا رہی ہیں، کسی بھی شخص کو قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دی جائے گی، اور تشدد میں ملوث تمام افراد کو گرفتار کیا جائے گا۔ پولیس حکام نے کہا کہ تشدد کب اور کہاں ہوا، اس کی تحقیقات جاری ہیں۔
بعدازاں شرافی گوٹھ پولیس نے تشدد میں ملوث ملزم سجاد وزیر کو حراست میں لے لیا، جبکہ دیگر ملوث افراد کی گرفتاری کے لیے کارروائیاں جاری ہیں۔








