پلوامہ: پولیس نے جمعرات کو کہا ہے کہ اس نے پاری گام جاگیر کی بزرگ خاتون کے قتل کیس کا معمہ حل کر لیا ہے اور مرکزی ملزم کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ پولیس کے مطابق ملزم کی گرفتاری خصوصی تفتیشی ٹیم کی مسلسل کوششوں اور دستیاب شواہد کی باریک بینی سے جانچ کے بعد عمل میں آئی۔
مقتولہ کی شناخت جاناں بیگم کے طور پر ہوئی ہے، جو غلام احمد بھٹ کی اہلیہ اور پاری گام جاگیر کی رہائشی تھیں۔ پولیس کے مطابق 19 اکتوبر 2026 کی صبح ان کی لاش ان کے گھر سے ملی تھی، جس کے بعد پولیس اسٹیشن پلوامہ میں مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی گئی تھی۔ خبر رساں ادارے جی این ایس کے مطابق مقدمہ نمبر 211/2026 بھارتیہ نیائے سنہتا کی دفعہ 103 کے تحت درج کیا گیا تھا۔
پولیس کے مطابق واقعے کے وقت مقتولہ کا بیٹا فجر کی نماز کے لیے قریبی مسجد گیا ہوا تھا۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس نے موقع پر پہنچ کر شواہد اکٹھے کیے اور تفتیش کا دائرہ وسیع کر دیا۔ کیس کی حساسیت کے پیش نظر ایس ایس پی پلوامہ نے ڈی ایس پی ہیڈکوارٹر پلوامہ کی سربراہی میں ایک خصوصی تفتیشی ٹیم تشکیل دی، جس میں ایس ایچ او پولیس اسٹیشن پلوامہ اور انچارج پولیس پوسٹ نیوا بھی شامل تھے۔
مرکزی ملزم گرفتار، ایک اور شخص کے ملوث ہونے کا انکشاف
پولیس کے مطابق خصوصی ٹیم نے مسلسل تفتیش کے بعد مرکزی ملزم کو گرفتار کر لیا، جس کی شناخت عمران احمد میر ولد بشیر احمد میر ساکن پاری گام جاگیر کے طور پر ہوئی ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ دوران تفتیش گرفتار ملزم نے جرم میں ایک اور شخص کے ملوث ہونے کا بھی انکشاف کیا ہے، جس سے کیس کے مزید پہلو سامنے آنے کا امکان ہے۔
پولیس حکام کے مطابق کیس میں مزید تفتیش جاری ہے اور انکشاف کی روشنی میں دیگر پہلوؤں کا بھی جائزہ لیا جا رہا ہے۔ حکام نے واضح کیا ہے کہ تفتیش مکمل ہونے پر ملوث افراد کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔






