
آزاد کشمیر: 15 ارب کا 100 روزہ منصوبہ، صحت و تعلیم ترجیحAzad Kashmir
مظفرآباد میں کابینہ ارکان نے 15 ارب روپے کے 100 روزہ ترقیاتی منصوبے کی تفصیلات پیش کر دیں، جس میں صحت، تعلیم، ٹرانسپورٹ، سیاحت اور ڈیجیٹل خدمات شامل ہیں۔

مظفرآباد: آزاد جموں و کشمیر کی حکومت نے 15 ارب روپے کے 100 روزہ ترقیاتی منصوبے کا اعلان کر دیا ہے، جس کا مقصد صحت، تعلیم، ٹرانسپورٹ، سیاحت اور عوامی خدمات کو بہتر بنانا ہے۔ کابینہ کے پانچ ارکان نے جمعرات کو مظفرآباد میں ایک پریس بریفنگ کے دوران منصوبے کی تفصیلات پیش کیں۔ وزرا کے مطابق بعض منصوبے 100 روز کے اندر مکمل نہیں ہو سکیں گے، تاہم اس مدت کے دوران ان پر کام شروع کر دیا جائے گا۔
وزیر صحت و آبادی ڈاکٹر مصطفیٰ بشیر عباسی نے کہا کہ صحت کاروان پروگرام کے تحت دور دراز علاقوں کے لیے 70 موبائل ہسپتال یونٹ فراہم کیے جائیں گے، جبکہ ضروری ادویات کے پروگرام کے تحت بڑے ہسپتالوں میں جان بچانے والی ادویات، ایمرجنسی کی سہولت اور ڈائیلاسز کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی۔ انہوں نے بتایا کہ 20 ماڈل بنیادی صحت مراکز اور 10 ماڈل دیہی صحت مراکز قائم کیے جائیں گے، تحصیل ہیڈکوارٹرز میں آپریشن تھیٹر اور نرسری یونٹ بنیں گے اور ضلعی و ڈویژنل ہسپتالوں کو اپ گریڈ کیا جائے گا۔
طویل مدتی صحت منصوبوں میں کوٹلی، راولاکوٹ اور بھمبر میں کیتھ لیبز، مظفرآباد، کوٹلی اور میرپور میں سٹروک سینٹرز اور باغ میں محمد نواز شریف ماڈرن کارڈیک ہسپتال کا قیام شامل ہے۔
وزیر تعلیم سردار عمیر نعیم نے کہا کہ درسگاہ منصوبے کے تحت سکول سے باہر بچوں کو داخل کر کے مفت تعلیم دی جائے گی اور انٹرنیٹ کے بغیر کام کرنے والا سیلولر بائیومیٹرک حاضری نظام متعارف کرایا جائے گا۔ منصوبے میں آزاد کشمیر بھر میں پانچ دانش سکولوں کی تعمیر اور مظفرآباد میں دانش یونیورسٹی کا قیام بھی شامل ہے۔ انہوں نے بتایا کہ میرٹ پر پہلے مرحلے میں پانچ ہزار لیپ ٹاپ تقسیم کیے جائیں گے، طلبہ کے لیے وظائف شروع کیے جائیں گے اور نوجوان روزگار سکیم کے تحت بلا سود قرضے دیے جائیں گے۔
وزیر جنگلات و وائلڈ لائف وقار احمد نور نے کہا کہ کشمیر ایکسپریس سروس کے تحت سات شہروں میں 75 الیکٹرک بسیں چلائی جائیں گی، پونچھ، بھمبر اور کوٹلی میں سڑکوں کی مرمت کی جائے گی اور نیلم و باغ میں ریسکیو 1122 یونٹ قائم کیے جائیں گے۔ انہوں نے بتایا کہ ستھرا کشمیر مہم تمام 10 ضلعی ہیڈکوارٹرز میں شروع کی جائے گی اور مظفرآباد، میرپور و راولاکوٹ میں شہری خوبصورتی کے منصوبے مکمل کیے جائیں گے۔
وزیر صنعت، تجارت و سیاحت چوہدری عبدالرحمٰن آرائیں نے کہا کہ ڈسکور آزاد کشمیر اور کلین ٹورازم منصوبوں کے تحت ماحول دوست سیاحت، ہائیکنگ اور ایڈونچر ٹریلز کو فروغ دیا جائے گا، جبکہ پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت 26 گیسٹ ہاؤسز اور 32 ٹک شاپس کو بہتر بنایا جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ کوہالہ مظفرآباد اور آزاد پتن راولاکوٹ سڑکوں پر آرام گاہیں بھی تعمیر کی جائیں گی۔
منصوبے میں اپنا گھر سکیم کے تحت بے گھر افراد کے لیے بلا سود ہاؤسنگ قرضے اور آزاد کشمیر ون پورٹل کا قیام بھی شامل ہے، جس پر ای سٹیمپنگ، ای ٹینڈرنگ، ای پروکیورمنٹ اور ای پیمنٹ کی سہولتیں ایک جگہ دستیاب ہوں گی۔ واضح رہے کہ منصوبے کا خاکہ 18 نومبر کو مظفرآباد میں پیش کیا گیا تھا اور وفاقی حکومت نے اس کے لیے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی تھی۔ قانون ساز اسمبلی نے بھی 26 نومبر کو منصوبے کی توثیق کی قرارداد منظور کی۔






