
آزاد کشمیر میں 118 اساتذہ کی ٹائم سکیل ترقیابی منظورAzad Kashmir
محکمہ تعلیم سکولز نے میرٹ، اہلیت اور سنیارٹی کی بنیاد پر طویل عرصے سے زیر التوا کیسز کی منظوری سیکرٹری تعلیم سردار سہیل اعظم کی زیر صدارت 25 نومبر کو مظفرآباد میں ہونے والے ٹائم سکیل کمیٹی کے اجلاس کے بعد دی۔

آزاد جموں و کشمیر محکمہ تعلیم سکولز نے 118 اساتذہ کی ٹائم سکیل ترقیابی کی منظوری دے دی ہے۔ میرٹ، اہلیت اور سنیارٹی کی بنیاد پر طویل عرصے سے زیر التوا کیسز حل کیے گئے ہیں، جسے محکمہ تعلیم میں اصلاحات کا نیا باب قرار دیا جا رہا ہے۔
محکمہ کے مطابق آزاد کشمیر میں برسوں سے زیر التوا اساتذہ کے مسائل اب تیزی سے حل ہونے لگے ہیں۔ سیکرٹری تعلیم سکولز سردار سہیل اعظم کے اصلاحاتی ایجنڈے کی بدولت اساتذہ کو اب میرٹ، اہلیت اور سنیارٹی کی بنیاد پر ان کا جائز حق ملنے لگا ہے اور زیر التوا کیسز برق رفتاری سے یکسو کیے جا رہے ہیں۔
25 نومبر 2026 کو سیکرٹری تعلیم سردار سہیل اعظم کی زیر صدارت ٹائم سکیل کمیٹی کا ایک اہم اور طویل اجلاس نظامت اعلیٰ مردانہ ایلیمنٹری اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن مظفرآباد میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں خواتین اور مردانہ کیڈر کے زیر التوا ٹائم سکیل کیسز کا تفصیلی جائزہ لینے کے بعد مجموعی طور پر 118 معلمین و معلمات کو اگلے گریڈز میں ترقیابی دینے کی منظوری دی گئی۔
ترقیابی کی تفصیل کے مطابق نسواں کیڈر کی کل 68 معلمات شامل ہیں، جن میں گریڈ 16 سے 17 میں 3 معلمات، گریڈ 17 سے 18 میں 41 معلمات اور گریڈ 18 سے 19 میں 24 معلمات شامل ہیں۔ مردانہ کیڈر کے کل 50 مدرسین میں گریڈ 17 سے 18 میں 35 مدرسین اور گریڈ 18 سے 19 میں 15 مدرسین شامل ہیں۔ مجموعی طور پر 118 اساتذہ کو گریڈ 17، 18 اور 19 میں ترقیابی ملی، جو اساتذہ کے دیرینہ مطالبے کے حل کی جانب ایک تاریخی پیشرفت ہے۔
اجلاس میں ایڈیشنل سیکرٹری انتظامیہ مصباح اعوان، ڈپٹی سیکرٹری (اول) پروفیسر شکیل احمد، ڈپٹی سیکرٹری (دوئم) چوہدری رفیق احمد، نائب ناظم اعلیٰ مردانہ ندیم خان اور نائب ناظم اعلیٰ نسواں رضوانہ قریشی نے شرکت کی۔ سیکشن آفیسر عبدالقیوم خان، اسسٹنٹ ڈائریکٹر سردار منیر احمد خان، جاوید اعوان، اسد احسان اور راجہ صداقت سمیت دیگر متعلقہ افسران بھی اجلاس میں موجود تھے۔
محکمہ تعلیم میں اصلاحات کی قیادت وزیر ایلیمنٹری اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن عمیر نعیم ایڈووکیٹ اور سیکرٹری تعلیم سکولز سردار سہیل اعظم کر رہے ہیں، جن کی قیادت میں محکمہ تعلیم ترقی کی نئی منازل طے کر رہا ہے۔ محکمہ کے مطابق اساتذہ کے لیے مزید خوشخبریاں بھی جلد متوقع ہیں۔
اساتذہ برادری نے اس اقدام کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ میرٹ پر مبنی فیصلوں سے اساتذہ کا اعتماد بحال ہوا ہے اور ان کی حوصلہ افزائی ہوئی ہے۔ حکومت آزاد کشمیر نے محکمہ تعلیم میں اصلاحات، شفاف انتظامی امور اور اساتذہ کے جائز حقوق کے تحفظ کے لیے اقدامات کا سلسلہ جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔






