
پاکستان ہماری منزل، کشمیر ہماری شناخت، کوئی سمجھوتہ نہیں: سپیکر طارق فاروقAzad Kashmir
سپیکر قانون ساز اسمبلی نے باغ میں خطاب کے دوران کہا کہ ڈنڈے کے زور پر سیاست نہیں چلے گی اور پاکستان و کشمیر کے خلاف ہتھیار اٹھانے والوں سے کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔

آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی کے سپیکر طارق فاروق نے کہا ہے کہ پاکستان ہماری منزل اور کشمیر ہماری شناخت ہے، جس پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔
باغ میں ایک اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے سپیکر نے کہا کہ باغ والوں نے وزیراعظم کا فقید المثال استقبال کر کے ثابت کیا کہ یہاں سیاسی بصیرت اور ریاستی نظام سے محبت موجود ہے۔ انہوں نے کہا کہ باغ والوں کی قربانیاں اور تاریخ لازوال ہیں اور انہوں نے آئینی ڈھانچے کے خلاف سازشوں کو ناکام بنایا۔
انہوں نے کہا کہ ڈنڈے کے زور پر سیاست نہیں چلے گی اور جو لوگ مسلح ہو کر پاکستان و کشمیر کے خلاف کھڑے ہیں، ان سے سمجھوتہ نہیں ہوگا۔
ان کا کہنا تھا کہ اگر کوئی مسلح جتھہ کہے کہ اس کی سیٹیں ختم کر دی جائیں تو ایسا نہیں کیا جائے گا، اور باہر بیٹھے کچھ لوگ ہندوستان کے ایجنڈے کی تکمیل چاہتے ہیں، جو کسی صورت پورا نہیں ہونے دیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ ہم نے قربانیاں دی ہیں، ہم استصواب رائے کے ذریعے پورے کشمیر کو پاکستان کے ساتھ جوڑنا چاہتے ہیں، اور سستی بجلی اور سستا آٹا پاکستانی قیادت کی محبت کا نتیجہ ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ جو پاکستان کو گالی دے گا، اس کے ساتھ سمجھوتہ نہیں ہوگا، اور جو لوگ پاکستان اور تحریک آزادی کے خلاف ہوں، ان کی بات ڈنڈے کے زور پر نہیں مانی جا سکتی۔
ترقی اور مسلم لیگ ن کی حکومت
سپیکر نے کہا کہ مسلم لیگ ن کی حکومت پلیٹ میں رکھ کر نہیں ملی، اس میں عوام کا کردار موجود ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور کشمیر میں جو تعمیر نظر آ رہی ہے، وہ مسلم لیگ ن کی حکومت میں ہوئی، جبکہ صرف نعرے لگانے والوں نے ایک اینٹ بھی نہیں رکھی۔
انہوں نے کہا کہ لوگوں کے حقوق کی حفاظت ہماری ذمہ داری ہے، اور ریاست کے اندر سیاسی جماعتوں نے ترقی کی منازل طے کی ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ہم سٹیٹس کو کو اپنی کارکردگی سے توڑیں گے، حکومت کو سیاسی کارکنوں کی سپورٹ چاہیے اور تعمیر و ترقی میں نئے ریکارڈ قائم کیے جائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ انہوں نے باغ والوں سے سیکھا ہے کہ پاکستان ہماری منزل ہے، اور سب کو چاہیے کہ جمہوری نظام کے تحت کام کریں۔
یہ خطاب ایسے وقت میں ہوا جب وزیراعظم نے باغ کے لیے ترقیاتی پیکج کا اعلان کیا، جس میں سڑکوں کا جال، الیکٹرک بسیں، صحت، تعلیم اور روزگار شامل ہیں۔






