
بلاول کا ریفرنڈم کے بجائے 6 ماہ میں انتخابات کا مطالبہPakistan
بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ صوبوں پر ریفرنڈم کی کوئی باضابطہ بات نہیں ہوئی، نئے صوبوں کی بات کرنے والے کبھی الیکشن نہیں جیتے، اور محسن نقوی نقشے پر سندھ کے شہر بھی نہیں بتا سکتے۔

پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے نئے صوبوں پر ریفرنڈم کے بجائے 6 ماہ میں عام انتخابات کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ انتخابی اصلاحات کرا کے 6 ماہ میں الیکشن کرا دیے جائیں، میں دوبارہ جیت کر آ کر بتا دوں گا کہ سندھ کے عوام نے ووٹ کیوں دیا۔
جیو نیوز کے پروگرام آج شاہ زیب خانزادہ میں بات چیت کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ صوبوں کے معاملے پر ریفرنڈم نہ کرائیں، انتخابی اصلاحات کرا کے 6 ماہ میں الیکشن کرا دیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ریفرنڈم کی صورت میں قانون نافذ کرنے والے ادارے سندھ میں امن و امان کی ضمانت لیں۔
بلاول کا کہنا تھا کہ ریفرنڈم کے ذریعے صوبے بنانے کے معاملے پر کوئی باضابطہ بات اب تک نہیں کی گئی، نواب شاہ میں صدر زرداری اور محسن نقوی کی ملاقات ہو یا لاہور میں صدر اور وزیراعظم کی ملاقات، ریفرنڈم کا معاملہ زیر غور نہیں تھا۔
ان کا کہنا تھا کہ نئے صوبوں کی بات کرنے والے وہ لوگ ہیں جو نہ کبھی الیکشن جیتے نہ آگے جیت سکتے ہیں، پاکستان کے حکمران ملک کے اصل مسائل کے حل کے لیے دلچسپی نہیں دکھا رہے۔ کیا پاکستان ایسے چلے گا کہ چیئرمین پی سی بی یہ بحث شروع کریں کہ سسٹم کیسے ری سیٹ ہوگا اور نئے صوبے کیسے بنیں گے؟
صوبوں کی تقسیم پر بلاول کا کہنا تھا کہ سندھ میں خون بہے گا، زبردستی سندھ کو تقسیم کرنے کی کوشش کریں گے تو امن و امان خراب ہوگا، دھمکی نہیں دے رہا بلکہ خبردار کر رہا ہوں۔ محسن نقوی صوبوں کی تقسیم پر ریفرنڈم تو چاہتے ہیں مگر وہ نقشے پر یہ تک نہیں بتا سکیں گے کہ سندھ کے شہر کہاں واقع ہیں۔
اس سے قبل ایک نجی ٹی وی کے پروگرام میں بات چیت کرتے ہوئے بلاول کا کہنا تھا کہ سندھ میں 80 اور 90 کی دہائی میں کیا ہوا؟ اس وقت بھی حالات ایسے بنائے گئے تاکہ سندھ میں تقسیم پیدا ہو، آج بھی یہ خطرہ موجود ہے اس لیے خبردار کر رہا تھا، میں خطرے کی گھنٹی بجا رہا تھا دھمکی نہیں دے رہا تھا۔ ان کا کہنا تھا کہ اس تجویز کا جو بڑا وکیل ہے جس کا کراچی سے تعلق ہے انہوں نے بھی یہی الفاظ استعمال کیے، زبردستی کی گئی تو میرے نہ چاہنے کے باوجود وہ آگ لگے گی جس کو بجھانا مشکل ہو جائے گا۔
بلاول بھٹو نے 17 نومبر کو کراچی پریس کلب میں خبردار کیا تھا کہ سندھ کو عوام کی مرضی کے خلاف زبردستی تقسیم کرنے کی کوشش سے خون خرابہ ہو سکتا ہے، جس کا جواب وفاقی وزرا ریفرنڈم کے مطالبے اور پیپلز پارٹی کی گورننس پر تنقید کے ساتھ دے چکے ہیں۔





