
خیبر پختونخوا میں قدرتی آفات سے بچنے کے لیے جدید نظام متعارفPakistan
پی ڈی ایم اے خیبر پختونخوا نے قدرتی آفات کی بروقت نشاندہی اور نقصانات کم کرنے کے لیے جدید ٹیکنالوجی اور ابتدائی انتباہی نظام متعارف کرا دیا ہے۔

پشاور: مشیر گورنر خیبر پختونخوا برائے اطلاعات و تعلقاتِ عامہ اور ریلیف، بحالی و آبادکاری ثمر ہارون بلور نے پراونشل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) خیبر پختونخوا کے صوبائی ہیڈکوارٹر کا دورہ کیا، جہاں انہیں قدرتی آفات سے نمٹنے، ہنگامی صورتحال میں فوری ردعمل اور متاثرین کی امداد اور بحالی کے لیے جاری اقدامات پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
دورے کے دوران ثمر ہارون بلور نے صوبائی ایمرجنسی آپریشن سینٹر (پی ای او سی) میں جدید مانیٹرنگ سسٹم کا معائنہ کیا۔ انہوں نے ریئل ٹائم ڈیٹا، ڈیجیٹل ڈیش بورڈز اور ایمرجنسی رسپانس سسٹم کے ذریعے ہنگامی صورتحال کی نگرانی اور بروقت اقدامات کے طریقہ کار کا جائزہ لیا۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ پی ڈی ایم اے صوبے کے تمام اضلاع میں قدرتی آفات سے نمٹنے اور کسی بھی ہنگامی صورتحال میں فوری ردعمل یقینی بنانے کے لیے سرگرم عمل ہے۔ ادارے کی ٹول فری ہیلپ لائن 1700 عوام کو معلومات، رہنمائی اور شکایات کے ازالے کے لیے چوبیس گھنٹے فعال ہے، جبکہ صوبے بھر میں ہنگامی حالات کے دوران عوام کو محفوظ مقامات پر منتقل کرنے کے لیے 185 محفوظ کیمپ سائٹس کی نشاندہی بھی کی گئی ہے۔
ثمر ہارون بلور کو جالوزئی میں قائم ہیومینیٹیرین رسپانس فیسلٹی کے بارے میں بھی آگاہ کیا گیا، جہاں ہنگامی حالات میں فوری امدادی کارروائیوں کے لیے ضروری سامان ذخیرہ کیا گیا ہے۔ انہیں قدرتی آفات سے متاثرہ افراد کو مالی معاونت کی فراہمی کے ڈیجیٹل کمپنسیشن سسٹم، امدادی سرگرمیوں اور بحالی کے منصوبوں پر بھی تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
حکام نے بتایا کہ قدرتی آفات کی بروقت نشاندہی اور نقصانات کو کم سے کم کرنے کے لیے جدید ٹیکنالوجی اور ابتدائی انتباہی نظام متعارف کرایا گیا ہے، جس سے ہنگامی صورتحال میں بروقت فیصلوں اور مؤثر اقدامات میں مدد مل رہی ہے۔
اس موقع پر ثمر ہارون بلور نے جینڈر بیسڈ وائلنس اِن ایمرجنسیز (جی بی وی آئی ای) فریم ورک کو پاکستان کا ایک اہم اور منفرد اقدام قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ جنوبی ایشیا میں اپنی نوعیت کا پہلا فریم ورک ہے۔ انہوں نے بتایا کہ وزیراعظم پاکستان نے COP29 میں اس فریم ورک کو قومی دستاویز کے طور پر پیش کیا تھا۔ یہ فریم ورک قدرتی آفات اور ہنگامی حالات کے دوران صنفی حساس تیاریوں کو فروغ دینے اور خواتین، بچوں سمیت معاشرے کے دیگر کمزور طبقات کے تحفظ کو یقینی بنانے میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔
مشیر گورنر نے پی ڈی ایم اے کی مجموعی کارکردگی، ادارہ جاتی اقدامات اور عوامی خدمت کے لیے جاری سرگرمیوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ قدرتی آفات سے مؤثر انداز میں نمٹنے کے لیے جدید نظام، بہتر منصوبہ بندی اور متعلقہ اداروں کے درمیان مربوط رابطہ کاری ناگزیر ہے۔ انہوں نے کہا کہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں انسانی جانوں اور املاک کے تحفظ کے لیے بروقت معلومات، مؤثر حکمت عملی اور فوری امدادی کارروائیاں بنیادی اہمیت رکھتی ہیں۔ ثمر ہارون بلور نے کہا کہ پی ڈی ایم اے کو مزید مستحکم اور مؤثر بنانے کے لیے ہر ممکن تعاون فراہم کیا جائے گا۔





