
مرکزی مسلم لیگ نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کو قانونی نوٹس بھیج دیاPakistan
پاکستان مرکزی مسلم لیگ کا کہنا ہے کہ اس نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کو قانونی نوٹس بھیج دیا ہے جس میں غیر مشروط معافی اور سات روز میں سوشل میڈیا پوسٹس حذف کرنے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔

پاکستان مرکزی مسلم لیگ نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کو قانونی نوٹس بھیج دیا ہے۔ پارٹی کا کہنا ہے کہ وزیراعلیٰ کے وہ بیانات بے بنیاد اور ہتک آمیز ہیں جن میں پارٹی کو دہشت گرد، غیر قانونی اور کالعدم تنظیم قرار دیا گیا۔
نوٹس پارٹی کے صدر خالد مسعود سندھو کی ہدایت پر پاک لاء فرم کے وکلا محمد عامر حبیب، رانا محمد عبدالحفیظ اور شیخ محمد نعیم مظہر نے جاری کیا۔
نوٹس میں غیر مشروط معافی اور سات روز کے اندر سوشل میڈیا پوسٹس حذف کرنے کا مطالبہ کیا گیا ہے اور وزیراعلیٰ سے کہا گیا ہے کہ وہ پارٹی کے بارے میں جھوٹے اور توہین آمیز بیانات دینا، شائع کرنا اور پھیلانا فوری طور پر بند کریں۔
نوٹس کے مطابق وزیراعلیٰ نے اپنے ذاتی اکاؤنٹ پر اور الیکٹرانک میڈیا پر نشر ہونے والے عوامی خطابات میں پاکستان مرکزی مسلم لیگ کو دہشت گرد، غیر قانونی اور کالعدم تنظیم کہا۔ نوٹس میں کہا گیا کہ یہ بیانات ٹیلی ویژن چینلز پر بار بار نشر اور اخبارات میں شائع ہوئے۔
نوٹس میں کہا گیا کہ پاکستان مرکزی مسلم لیگ الیکشن کمیشن آف پاکستان میں رجسٹرڈ جماعت ہے اور 2022 سے آئین اور قانون کے تحت جمہوری عمل میں حصہ لے رہی ہے۔ پارٹی نے سیلاب اور دیگر قدرتی آفات کے دوران غریبوں اور بیواؤں کے لیے فلاحی کیمپ لگائے اور تعلیم، صحت اور صاف پانی کی فراہمی کے منصوبے چلا رہی ہے۔
نوٹس کے مطابق پارٹی نے 2024 کے عام انتخابات میں کرسی کے انتخابی نشان کے ساتھ حصہ لیا اور 8 نومبر کو این اے 77 گوجرانوالہ کے ضمنی انتخاب میں دوسری بڑی سیاسی جماعت بن کر ابھری۔
نوٹس میں کہا گیا کہ آئین کے تحت ہر شہری کو اظہار رائے کی آزادی حاصل ہے لیکن یہ آزادی قانون کی مقرر کردہ حدود کے تابع ہے اور کسی تسلیم شدہ سیاسی جماعت پر بغیر قانونی ثبوت کے دہشت گردی جیسے سنگین الزامات لگانے کی اجازت نہیں دیتی۔
نوٹس میں کہا گیا کہ ایسے بیانات سے عوام میں غلط فہمی پیدا ہو رہی ہے، پارٹی کارکنوں کے جمہوری حقوق متاثر ہو رہے ہیں اور قیادت کی ساکھ کو نقصان پہنچ رہا ہے، جو قابل کارروائی ہتک عزت بن سکتا ہے۔
پارٹی نے این اے 77 کے نتیجے کو الیکشن کمیشن میں بھی چیلنج کر رکھا ہے۔ چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے پارٹی کی دھاندلی کی درخواست پر سماعت کی اور ریٹرننگ افسر کو نوٹس جاری کر کے شکایت پر تفصیلی رپورٹ طلب کی۔ حلقے میں پارٹی کے امیدوار قاضی محمد ابراہیم گجر تھے جنہوں نے پولنگ اور گنتی کے عمل میں بے ضابطگیوں کا الزام لگایا ہے۔






