سری نگر: وادی کشمیر میں سردی کی شدت میں اضافہ ہو رہا ہے اور کئی مقامات پر رات کا درجہ حرارت نقطہ انجماد سے نیچے جا چکا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق جموں و کشمیر میں 30 نومبر تک موسم عموماً خشک رہے گا، جبکہ 22 نومبر سے رات کے درجہ حرارت میں مزید 2 سے 3 ڈگری سینٹی گریڈ کی کمی متوقع ہے۔
محکمہ موسمیات کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق پہلگام میں رات کا درجہ حرارت منفی 2.8 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، جو وادی میں سب سے سرد رہا۔ سری نگر میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 0.2 ڈگری، قاضی گنڈ میں منفی 0.8 ڈگری، کپواڑہ میں منفی 1.3 ڈگری اور گلمرگ میں منفی 1.0 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، جبکہ کوکرناگ میں درجہ حرارت 1.0 ڈگری سینٹی گریڈ رہا۔
محکمے کے مطابق دن کا درجہ حرارت کشمیر کے کئی علاقوں میں معمول سے 1 سے 4 ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ رہا، جبکہ جموں ڈویژن میں بھی کئی مقامات پر درجہ حرارت معمول سے 1 سے 2 ڈگری زیادہ ریکارڈ کیا گیا۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران جموں و کشمیر میں کہیں بھی بارش یا برفباری نہیں ہوئی اور موسم خشک رہا۔
محکمہ موسمیات کی پیش گوئی کے مطابق 19 سے 30 نومبر تک موسم عموماً خشک رہے گا، تاہم 20 اور 21 نومبر کے دوران مطلع جزوی طور پر ابر آلود رہنے کا امکان ہے۔ محکمے نے بتایا کہ 20 اور 21 نومبر کو رات کے درجہ حرارت میں 1 سے 2 ڈگری کا معمولی اضافہ ہو سکتا ہے، جس کے بعد 22 نومبر سے درجہ حرارت میں دوبارہ 2 سے 3 ڈگری کی کمی آئے گی۔
محکمے نے آئندہ سات روز کے لیے کوئی موسمی وارننگ جاری نہیں کی ہے۔ تاہم محکمہ موسمیات سری نگر نے شہریوں کو خبردار کیا ہے کہ وہ سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی جعلی موسمی پیش گوئیوں پر توجہ نہ دیں اور صرف سرکاری ذرائع سے جاری کردہ معلومات پر اعتماد کریں۔
محکمے کے مطابق رات کے درجہ حرارت میں کمی کے باعث شہریوں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ سردی بڑھنے کے ساتھ صبح کے وقت کہر اور ٹھنڈ کی شدت میں بھی اضافہ متوقع ہے، جس سے صبح سویرے سفر کرنے والوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔
قابل ذکر ہے کہ اس سے قبل 13 سے 19 نومبر کے ہفتے کے دوران جموں خطے میں معمول سے 178.70 فیصد زیادہ اور کشمیر خطے میں معمول سے 34.66 فیصد زیادہ بارش ریکارڈ کی گئی تھی۔ محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ ہفتے کے دوران کشمیر ڈویژن میں موسم خشک جبکہ جموں ڈویژن میں بھی خشک موسم کا امکان ہے۔








