Daily Hayat – روزنامہ حیات
Daily Hayat
زبان / LanguageEnglish
منگل، 22 ستمبر 2026•11:00 PMPKT
ای پیپر
mumtazkhaksar6@gmail.com
+92 345 8886292
جملہ حقوق بحق روزنامہ حیات محفوظ ہیں۔
ADاشتہار / AdvertisementGoogle Ad
صفحہ اولپاکستاندینی مدارس کا سیاسی استعمال شرعاً ممنوع ہے، علما کرام

دینی مدارس کا سیاسی استعمال شرعاً ممنوع ہے، علما کرامپاکستان

hammadkhaksar
hammadkhaksar
اتوار، 22 نومبر، 2026
3 منٹ
ہمیں فالو کریں:WhatsAppFacebook

کوئٹہ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے جید علما کرام نے کہا کہ دینی مدارس کی آزاد اور غیر جانبدار حیثیت ہے اور ان کے پلیٹ فارم کو سیاسی احتجاج یا ریاستی اداروں کے خلاف استعمال نہیں ہونے دیا جائے گا۔

دینی مدارس کا سیاسی استعمال شرعاً ممنوع ہے، علما کرام
شیئر کریں:

بلوچستان کے مدارس کے مہتممین اور جید علمائے کرام نے دوٹوک اعلان کیا ہے کہ دینی مدارس اور ان کے طلبہ کو سیاسی مقاصد یا ریاستی اداروں کے خلاف استعمال کرنا شرعاً ممنوع ہے۔ ہفتہ کے روز بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے حافظ مہر اللہ اور ڈاکٹر علاؤ الدین سارنگ نے کہا کہ کسی بھی سیاسی جماعت بالخصوص جمعیت علمائے اسلام (ف) کو ذاتی مفادات کے لیے مدارس استعمال کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

علما کرام نے کہا کہ دینی مدارس کی ایک آزاد اور غیر جانبدار حیثیت ہے۔ طلبہ کی انفرادی سیاسی وابستگی مختلف ہو سکتی ہے، تاہم بحیثیت ادارہ مدارس کو سیاسی مقاصد کے لیے استعمال کرنا شریعت میں ممنوع ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ مدارس کا بنیادی کردار تعلیمی تربیت، اصلاح اور اجتماع امت ہے نہ کہ سیاسی کشمکش اور طاقت کے اظہار کی صف بندی۔

ADاشتہار / AdvertisementGoogle Ad

حافظ مہر اللہ نے کہا کہ دینی مدارس خالصتاً دینی مراکز ہیں جہاں صرف دین اور اخلاقیات کی تعلیم دی جاتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر کوئی سیاست کرتا ہے تو ضرور کرے، ہمیں اس پر کوئی اعتراض نہیں، لیکن اعتراض اس بات پر ہے کہ ہمارے بچوں کو ریاستی اداروں کے خلاف استعمال نہ کیا جائے۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ یہ کون سا دین ہے کہ آپ اپنے سیاسی مقاصد کے لیے معصوم بچوں کو استعمال کریں اور جب آپ کے مقاصد پورے ہو جائیں تو انہیں بے یار و مددگار چھوڑ دیں۔

حافظ مہر اللہ کا کہنا تھا کہ یہ ملک ہمارا ہے، دینی مدارس بھی ہمارے ہیں اور ریاستی ادارے بھی ہمارے ہیں، اس لیے ہم یہ قطعاً نہیں چاہتے کہ ہمارے مدارس کے بچوں کا ٹکراؤ ہمارے اپنے اداروں کے خلاف کروایا جائے۔ انہوں نے تمام مدارس کے علما سے اپیل کی کہ وہ اپنے طلبہ کو کسی کے سیاسی مقاصد کا ایندھن نہ بننے دیں۔

ڈاکٹر علاؤ الدین سارنگ نے واضح کیا کہ آج کا بنیادی ایجنڈا موجودہ ملکی صورتحال میں دینی مدارس کی خودمختاری، غیر سیاسی حیثیت اور اجتماعی تشخص کا تحفظ ہے۔ انہوں نے کہا کہ مدارس کا تقدس، علمی وقار اور غیر جانبدار تشخص برقرار رکھنا ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔

علما کرام نے کہا کہ دینی مدارس کسی سیاسی جماعت یا گروہ کی جاگیر نہیں ہیں اور ان کے پلیٹ فارم کو ریاستی اداروں یا کسی بھی دوسرے فریق کے خلاف سیاسی احتجاج، سڑکوں کی بندش یا اشتعال انگیزی کے لیے استعمال نہیں ہونے دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ وہ ذاتی مفاد کے لیے کوئی تصادم نہیں چاہتے، اور یہ کھیل گزشتہ 20 سال سے جاری ہے۔

علما نے کہا کہ دینی مدارس کے طلبہ کی اکثریت غریب طبقے سے ہے، لیکن الیکشن میں ٹکٹ سرمایہ دار طبقے کو دیے جاتے ہیں، جبکہ علما اور حفاظ احتجاج کی فرنٹ لائن میں ہوتے ہیں مگر نمائندگی میں نظر انداز کر دیے جاتے ہیں۔

یہ پریس کانفرنس بلوچستان اور خیبر پختونخوا کے دینی حلقوں میں پائی جانے والی بے چینی کی عکاسی کرتی ہے، جہاں تعلیمی اداروں کو انتخابی و احتجاجی سیاست سے الگ رکھنے کی آوازیں زور پکڑ رہی ہیں۔