اسلام آباد — پاکستان اور آغا خان اداروں نے کراچی کے قومی عجائب گھر کی جدید کاری کی جانب ایک اہم قدم اٹھایا ہے، جس کے تحت ایک جامع تجویز پیش کی گئی ہے تاکہ اسے سیاحتی کشش، تحقیق اور عوامی شمولیت پر مبنی جدید ثقافتی ادارہ بنایا جا سکے۔
اس تجویز پر وفاقی وزیر برائے قومی ورثہ و ثقافت اورنگزیب خان کھچی اور آغا خان یونیورسٹی (اے کے یو) و آغا خان ٹرسٹ فار کلچر کے اعلیٰ سطحی وفد کے درمیان قومی ورثہ و ثقافت ڈویژن میں ہونے والے اجلاس میں تبادلہ خیال کیا گیا۔
وفاقی وزیر نے آغا خان اداروں کی تفصیلی منصوبہ بندی اور کوششوں کو سراہتے ہوئے اس اقدام کو پاکستان کے ثقافتی منظرنامے کو مضبوط کرنے کا ایک اہم موقع قرار دیا۔
انہوں نے کہا کہ کراچی میں عجائب گھر کو جدید ادارے کی شکل دینے سے ملک کی تاریخی میراث کو اجاگر کرنے اور تحقیق و تعلیم کو فروغ دینے کا اہم پلیٹ فارم میسر آئے گا۔ انہوں نے پبلک پرائیویٹ شراکت داری کی اہمیت پر زور دیا اور حکومتی تعاون کا عزم ظاہر کیا۔
تجویز میں کیا شامل ہے؟
تجویز پیش کرتے ہوئے آغا خان ٹرسٹ فار کلچر کے جنرل منیجر لوئس مونریال نے عجائب گھر کی بحالی اور اسے جدید سہولتوں سے آراستہ کرنے کے تصور کی وضاحت کی۔
منصوبے میں موجودہ عمارت کی بہتری، عمومی و خصوصی تحفظ کی لیبارٹریوں، کاغذ کی حفاظت اور ڈیجیٹائزیشن کی سہولتوں اور بہتر ذخیرہ گاہوں کا قیام شامل ہے۔ اس کے علاوہ تحقیقی مرکز و لائبریری، تعلیمی پروگرام، نصاب سے منسلک اسکولوں کے دورے، عوامی سرگرمیاں اور داخلی ہال، کیفے، میوزیم شاپ و آن لائن موجودگی سمیت بہتر سیاحتی سہولتیں بھی تجویز کی گئی ہیں۔ پیشہ ورانہ تربیت یافتہ ٹیم کی ضرورت بھی اجاگر کی گئی۔
وزیر نے ورثے کے تحفظ کو جدید سہولتوں، تحقیق اور تعلیمی پروگراموں سے جوڑنے کے وژن کو سراہا اور زور دیا کہ منصوبے کو حکومت اور آغا خان اداروں کے قریبی رابطے سے آگے بڑھایا جائے، جس میں مالی، قانونی اور ادارہ جاتی پہلوؤں کا خیال رکھا جائے۔
فنڈنگ اور قانونی تفصیلات کے لیے تین ماہ
وفاقی سیکرٹری اسد رحمان گیلانی نے وفد کا خیرمقدم کرتے ہوئے آغا خان یونیورسٹی کے صدر ڈاکٹر سلیمان شہاب الدین کی ثقافتی اقدامات میں دلچسپی کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت اور معروف تعلیمی و ثقافتی اداروں کے درمیان تعاون پاکستان کے ورثے کے فروغ اور تحفظ میں اہم کردار ادا کر سکتا ہے۔
تجویز کو آگے بڑھانے کے لیے سیکرٹری نے تجویز دی کہ فنڈنگ کے انتظامات اور قانونی پہلوؤں کو طے کرنے کے لیے تین ماہ کا وقت دیا جائے۔ یہ بھی تجویز کیا گیا کہ حکومت اور آغا خان ٹرسٹ فار کلچر کے نمائندوں پر مشتمل دو ٹیمیں تشکیل دی جائیں جو منصوبے کے مالی اور قانونی پہلوؤں کا جائزہ لے کر انہیں حتمی شکل دیں۔
آغا خان وفد میں آغا خان یونیورسٹی کے صدر ڈاکٹر سلیمان شہاب الدین، آغا خان ٹرسٹ فار کلچر کے جنرل منیجر لوئس مونریال، آغا خان یونیورسٹی کی وائس پرووسٹ پروفیسر انجم ہلالی اور آغا خان یونیورسٹی کے انسٹی ٹیوٹ فار دی اسٹڈی آف مسلم سولائزیشنز کے ڈین پروفیسر شہزاد بشیر شامل تھے۔ اجلاس میں وزیرِ اعظم کے معاونِ خصوصی حذیفہ رحمان، محکمہ آثارِ قدیمہ و عجائب گھر کی ڈائریکٹر جنرل سیدہ تنزیلہ صباحت اور امان اللہ بھی شریک تھے۔








