پاکستان مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما خواجہ سعد رفیق نے ’کاروانِ بیداری‘ کے نام سے تحریک شروع کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔
تحریک کا اعلان کرتے ہوئے خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ نئے سال کے آغاز میں کاروانِ بیداری تحریک لانچ کر دی جائے گی۔ لیگی رہنما نے واضح کیا کہ یہ تحریک ہے، کوئی نئی سیاسی جماعت نہیں بنائی جا رہی، جس کے لیے مسلم لیگ ن کی قیادت کو آگاہ کر دیا گیا ہے۔
مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما کے مطابق تحریک کو الیکشن کمیشن میں رجسٹرڈ نہیں کروایا جائے گا، اور قافلے میں شامل افراد کی سیاسی وابستگیوں پر کوئی پابندی نہیں ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ حق کو حق کہا جائے گا اور غلط کا ساتھ نہیں دیا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہم افراد یا دھڑوں کی نہیں، محض آئین اور قانون کی حکمرانی چاہتے ہیں۔
خواجہ سعد رفیق سابق وفاقی وزیر اور مسلم لیگ ن کی سینئر شخصیت ہیں، اور پارٹی و قومی امور پر اپنی رائے کا اظہار کرتے رہتے ہیں۔ یہ اعلان نئے سال سے قبل جاری سیاسی سرگرمیوں کے دوران سامنے آیا ہے، جب جماعتیں اور رہنما حکمرانی اور آئینی امور پر اپنے موقف واضح کر رہے ہیں۔








