نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے اس ہفتے شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے سربراہی اجلاس سے قبل اسلام آباد کے نجی ہوٹل مالکان کو سستے قرضے دینے کے منصوبے کو حتمی شکل دینے کے لیے اجلاس کی صدارت کی، تاہم ابھی کوئی فیصلہ نہیں ہو سکا ہے۔
اجلاس میں وزارت داخلہ کی تجویز پر غور کیا گیا، جو وزارت خارجہ کے ساتھ مل کر اجلاس کے انتظامات کی ذمہ دار ہے۔ تجویز میں کہا گیا ہے کہ دارالحکومت کے نجی ہوٹل مالکان کے لیے رعایتی فنانسنگ پروگرام کے لیے کمرشل بینکوں اور مالیاتی اداروں کو شامل کیا جائے۔
وزارت نے وزیراعظم شہباز شریف سے کہا ہے کہ وہ اسٹیٹ بینک آف پاکستان کو ہدایت کریں کہ کمرشل بینک نجی ہوٹل مالکان اور سرمایہ کاروں کو جاری و نامکمل ہوٹل منصوبوں کی تکمیل، موجودہ ہوٹلوں کی تزئین و آرائش اور جدید کاری، اور مہمان نوازی کی سہولتوں میں توسیع کے لیے کم شرح سود پر طویل مدتی قرضے دینے کی حوصلہ افزائی کریں۔
سرکاری حکام کے مطابق چند وزارتوں کے اعتراضات، خاص طور پر رعایتی قرضوں کے لیے کسی ضابطہ کار کی عدم موجودگی کے باعث کوئی فیصلہ نہ ہو سکا۔ زیر غور تجویز کے تحت قرضے کراچی انٹربینک آفرڈ ریٹ (کائبور) سے تقریباً 6 فیصد کم شرح پر دینے کا خیال ہے، جبکہ قرض لینے والوں کی تعداد اور شرح سود کے حساب سے مجموعی لاگت تقریباً 15 سے 20 ارب روپے کے درمیان ہو سکتی ہے۔
مرکزی بینک نے پالیسی ریٹ 12 فیصد مقرر کر رکھا ہے، اور قرض لینے والوں کو عام طور پر بینچ مارک سے کہیں زیادہ شرح پر قرض ملتا ہے، سوائے رہائش، برآمدات، نئے کاروبار اور زراعت کے لیے حکومتی سبسڈی والی اسکیموں کے۔ حکام کا کہنا ہے کہ نجی کاروبار کو رعایتی قرض دینے کی کوئی حالیہ مثال موجود نہیں، سوائے ان معاملات کے جنہیں حکومت اولین ترجیح قرار دیتی ہو۔
یہ اجلاس اگست تا ستمبر 2027 میں اسلام آباد میں منعقد ہو گا، اور وفاقی حکومت کے مطابق 1973 کے او آئی سی سربراہی اجلاس کے بعد یہ پاکستان کی میزبانی میں سب سے اہم اجتماع ہو گا، جس سے ملک کو اقوام عالم میں اپنا وقار مزید بڑھانے کا موقع ملے گا۔ اجلاس کے بعد نائب وزیراعظم کے دفتر نے کہا کہ کمیٹی نے 2026-27 کے لیے ایس سی او کونسل آف ہیڈز آف اسٹیٹ کی پاکستان کی صدارت کی تیاریوں میں پیش رفت کا جائزہ لیا، تاہم بیان میں رعایتی فنانسنگ کی تجویز کا ذکر نہیں کیا گیا۔
حکومت اجلاس کے لیے 9.6 ارب روپے کی لاگت سے 45 بلٹ پروف گاڑیاں خریدنے کی منظوری دے چکی ہے، جبکہ پہلے 35 مرسڈیز، 29 بی ایم ڈبلیو ایکس 5 اور چھ ٹویوٹا لینڈ کروزر گاڑیوں کی تجویز کو کم کر دیا گیا تھا۔ لاجسٹکس کے لیے تقریباً 300 دیگر عام گاڑیاں کرائے پر لی جائیں گی، اور وزارت داخلہ نے شہر کے انفرااسٹرکچر اور سڑکوں کی بہتری اور اجلاس کے مرکزی مقام کنونشن سینٹر اسلام آباد کی تزئین و آرائش کا کام بھی شروع کر دیا ہے۔








