محکمہ زراعت پنجاب نے گندم کی اسٹوریج کے لیے استعمال ہونے والی زہریلی گولیوں کی غیر قانونی فروخت کے خلاف صوبہ بھر میں کریک ڈاؤن شروع کر دیا ہے۔
محکمے کے مطابق کریک ڈاؤن گندم کی اسٹوریج کے لیے استعمال ہونے والی زہریلی گولیوں فاسٹاکسن (ایلومینیم فاسفائیڈ) کی غیر قانونی خرید و فروخت کے خلاف ہے۔ ترجمان کا کہنا ہے کہ محکمہ زراعت زہریلی گولیوں کی غیر قانونی فروخت کے مکروہ دھندے میں ملوث عناصر کے خلاف زیرو ٹالرینس پالیسی پر عمل پیرا ہے۔
محکمہ زراعت کا کہنا ہے کہ اب تک زہریلی گولیوں کی غیر قانونی فروخت میں ملوث عناصر کے خلاف 78 مقدمات کا اندراج اور 35 افراد کو گرفتار کیا گیا ہے۔ گندم کی زہریلی گولیوں کی فروخت بچوں، خواتین اور کم عمر افراد کو سختی سے ممنوع ہے، اور ان گولیوں کی خرید و فروخت کو شفاف بنانے کے لیے صوبہ بھر میں سخت مانیٹرنگ کی جا رہی ہے۔
غیر رجسٹرڈ ڈیلرز، غیر مجاز دوکانداروں اور کریانہ اسٹورز پر گندم کی گولیوں کی فروخت ممنوع ہے، اور خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف قانون کے مطابق سخت کارروائی کی جائے گی۔ مزید معلومات کے لیے ایگریکلچر ہیلپ لائن 0800-17000 پر روزانہ صبح 08:00 بجے سے رات 08:00 بجے تک رابطہ کیا جا سکتا ہے۔








