رپورٹ کے مطابق ملزم کی گرفتاری کا آپریشن لیاری کے علاقے کالا کوٹ کی افشانی اسٹریٹ میں کیا گیا۔
پاکستان رینجرز کے ترجمان نے کہا کہ ملزم بابا لاڈلا اور اسماعیل افشانی گروپ کا رکن ہے اور ٹارگٹ کلنگ، تاوان کے لیے اغوا اور بھتہ خوری سمیت مختلف جرائم میں ملوث ہے۔
پاکستان رینجرز نے اس کے قبضے سے اسلحہ اور گولہ بارود برآمد کیا۔ ترجمان نے مزید بتایا کہ ملزم کا نام انسداد دہشت گردی محکمے (سی ٹی ڈی) کی ریڈ بک میں شامل تھا۔
ترجمان کے مطابق ملزم نے 2011 میں بابا لاڈلا گروپ میں شمولیت اختیار کی اور اپنے حریفوں پر حملے میں ملوث رہا۔ کراچی آپریشن کے دوران وہ بلوچستان اور بیرون ملک فرار ہو گیا تھا اور ٹیلی فون کے ذریعے اپنے ساتھیوں سے رابطے میں رہا۔
واپسی پر اس نے گروپ کو دوبارہ متحرک کرنے کی کوشش کی۔ پاکستان رینجرز نے بعد میں اسے مزید کارروائی کے لیے پولیس کے حوالے کر دیا۔








