لاہور: گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان سے گورنر بلوچستان اور گورنر گلگت بلتستان مہدی شاہ نے گورنر ہاؤس لاہور میں ملاقات کی، جس میں ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال، قومی یکجہتی، دہشت گردی کے خاتمے اور باہمی دلچسپی کے مختلف امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں صوبوں کے درمیان تعاون بڑھانے اور قومی ترقی کے لیے مشترکہ کوششیں جاری رکھنے پر اتفاق کیا گیا۔
اس موقع پر گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے کہا کہ ملک سے دہشت گردی کے خاتمے کے لیے تمام صوبے اور پوری قوم متحد ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاک فوج کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کیا جا سکتا، اور دہشت گردی کے ناسور کے خاتمے اور ملک میں امن و استحکام کے قیام کے لیے قومی اتحاد اور تمام صوبوں کا مشترکہ کردار انتہائی اہمیت رکھتا ہے۔
گورنر پنجاب نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی اور مسلم لیگ (ن) کا اتحاد صرف اور صرف ملکی مفاد کے لیے ہے۔ انہوں نے کہا کہ قومی معاملات میں سیاسی جماعتوں کو ملک کے وسیع تر مفاد اور عوامی فلاح کو ترجیح دینی چاہیے۔
ملاقات کے دوران پنجاب کے تعلیمی اداروں میں بلوچستان اور گلگت بلتستان کے طلبا کے لیے مختص کوٹے اور اس کی مانیٹرنگ کے معاملات بھی زیر بحث آئے۔ اس بات پر تبادلہ خیال کیا گیا کہ دونوں خطوں کے طلبا کو پنجاب کے تعلیمی اداروں میں مختص نشستوں سے بھرپور استفادے کے مواقع فراہم کیے جائیں اور مختص نشستوں کی مانیٹرنگ کو بہتر بنایا جائے۔
گورنر بلوچستان نے اس موقع پر کہا کہ پنجاب بلوچستان کا بڑا بھائی ہے اور دونوں صوبے مل کر ملک کی ترقی اور خوشحالی کے لیے کام کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ صوبوں کے درمیان باہمی تعاون، رابطوں اور یکجہتی کو مزید فروغ دینے کی ضرورت ہے تاکہ قومی ترقی کے اہداف حاصل کیے جا سکیں۔
گورنر گلگت بلتستان مہدی شاہ نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی گلگت بلتستان کے عوام کی فلاح و بہبود اور علاقے کی ترقی کے لیے دن رات کوشاں ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوامی مسائل کا حل اور ترقیاتی عمل کو آگے بڑھانا ان کی ترجیحات میں شامل ہے۔
ملاقات میں اس امر پر بھی زور دیا گیا کہ قومی یکجہتی، بین الصوبائی روابط اور تعلیمی مواقع کی فراہمی کے ذریعے تمام علاقوں کو ترقی کے یکساں مواقع فراہم کیے جائیں۔ تینوں گورنرز نے باہمی دلچسپی کے امور پر رابطہ برقرار رکھنے اور مل کر کام جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔








