آزاد جموں و کشمیر حکومت نے خطے بھر میں موجود 58 سرکاری سیاحتی مقامات اور املاک کو لیز پر دینے کا فیصلہ کیا ہے، جس کے لیے محکمہ سیاحت و آثارِ قدیمہ نے دلچسپی رکھنے والے سرمایہ کاروں اور رجسٹرڈ فرموں سے سربمہر مسابقتی بولیاں طلب کر لی ہیں۔
اس منصوبے کے تحت سرکاری سیاحتی انفراسٹرکچر اور املاک کی بحالی، آپریشن اور دیکھ بھال نجی شعبے کے سپرد کی جائے گی۔ محکمے کی جانب سے جاری کردہ اشتہار کے مطابق املاک ری ہیبیلیٹیٹ، آپریٹ اور ٹرانسفر (آر او ٹی) ماڈل کے تحت، موجودہ حالت اور مقام کی بنیاد پر لیز پر دی جائیں گی۔
منصوبے کا آغاز کیسے ہوا
محکمے کے مطابق اس منصوبے کا آغاز میسرز دیار ریزورٹس (پرائیویٹ) لمیٹڈ کی جانب سے کشمیر انٹیگریٹڈ ٹورازم (کے آئی ٹی) پروگرام کے تحت جمع کروائی گئی غیر مطلوبہ تجویز اور فزیبلٹی اسٹڈی کی بنیاد پر ہوا۔ اب اسے آزاد جموں و کشمیر ٹورازم پروموشن ایکٹ 2019 اور ٹورازم پروموشن رولز 2021 کے تحت مسابقتی بولی کے لیے پیش کیا جا رہا ہے۔
پاکستان یا آزاد کشمیر کی متعلقہ سرکاری ایجنسیوں کے ساتھ رجسٹرڈ دلچسپی رکھنے والے سرمایہ کار اور فرمیں بولی کی دستاویزات ڈائریکٹوریٹ جنرل محکمہ سیاحت و آثارِ قدیمہ، چھتر مظفرآباد سے دفتری اوقات میں حاصل کر سکیں گے، جس کی ناقابلِ واپسی فیس 5 ہزار روپے مقرر کی گئی ہے۔ یہ فیس پے آرڈر یا بینک ڈرافٹ کے ذریعے جمع کروانا ہوگی۔
بولی سیکیورٹی اور آخری تاریخ
اشتہار کے مطابق ہر بولی دہندہ کے لیے 30 لاکھ روپے کی بولی سیکیورٹی جمع کروانا لازمی ہوگا، جو کیش ڈپازٹ رسید (سی ڈی آر) یا شیڈولڈ بینک کی جانب سے جاری کردہ بینک گارنٹی کی صورت میں ہوگی۔ مطلوبہ سیکیورٹی کے بغیر جمع کروائی گئی بولی مسترد کر دی جائے گی۔
بولی دہندگان کو اپنی تکنیکی اور مالیاتی تجاویز الگ الگ سربمہر لفافوں میں ڈائریکٹر جنرل محکمہ سیاحت و آثارِ قدیمہ کے دفتر، ٹورازم کمپلیکس، مین روڈ چھتر مظفرآباد میں 14 دسمبر 2026 کو صبح 11 بجے تک جمع کروانا ہوں گی۔ تکنیکی بولیاں اسی روز صبح 11 بج کر 30 منٹ پر بولی دہندگان یا ان کے مجاز نمائندوں کی موجودگی میں کھولی جائیں گی، جبکہ مالیاتی تجاویز بعد ازاں بولی دستاویزات میں درج طریقہ کار کے مطابق کھولی جائیں گی۔
اشتہار کے مطابق اصل تجویز دہندہ کے حقوق اور ذمہ داریوں کا تعین متعلقہ ایکٹ اور قواعد کے تحت کیا جائے گا، جبکہ مجاز اتھارٹی کو قوانین کے مطابق کسی بھی بولی یا تمام بولیوں کو قبول یا مسترد کرنے کا اختیار حاصل ہوگا۔
محکمے کا کہنا ہے کہ اس اقدام کا مقصد آزاد کشمیر کی سرکاری سیاحتی املاک کو بحال اور فعال بنانا اور سیاحتی انفراسٹرکچر کو بہتر بنانا ہے، جس سے سیاحت کے شعبے میں سرمایہ کاری کے نئے مواقع پیدا ہونے کی توقع ہے۔ مزید معلومات کے لیے سرمایہ کار ڈائریکٹر جنرل کے دفتر سے فون نمبر 05822-921421 یا ای میل ajktourism@hotmail.com پر رابطہ کر سکتے ہیں۔








