میرپور آزاد جموں و کشمیر چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے اعلیٰ سطحی وفد نے صدر چیمبر چوہدری کاشف نذیر بجاڑ کی قیادت میں وفاقی وزیر برائے ریلوے حنیف عباسی سے پاکستان سیکرٹریٹ اسلام آباد میں ملاقات کی، جس میں آزاد کشمیر کی معاشی صورتحال، صنعتی و تجارتی ترقی، سرمایہ کاری کے فروغ اور کاروباری برادری کو درپیش مسائل پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات میں وفد نے آزاد کشمیر میں صنعتی سرگرمیوں کے فروغ، نئی سرمایہ کاری کے مواقع پیدا کرنے، کاروباری ماحول کی بہتری اور تاجروں و صنعت کاروں کو درپیش مسائل کے حل کے لیے وفاقی حکومت کی توجہ مبذول کرائی۔
وفد نے اس بات پر زور دیا کہ آزاد کشمیر کی صنعتی و تجارتی استعداد سے بھرپور استفادے کے لیے وفاقی حکومت کی سرپرستی اور عملی تعاون ناگزیر ہے۔
وفاقی وزیر حنیف عباسی نے وفد کی تجاویز اور مؤقف کو سراہتے ہوئے آزاد کشمیر کی معاشی و صنعتی ترقی میں خصوصی دلچسپی کا اظہار کیا۔ انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ کاروباری برادری کے مسائل کے حل، سرمایہ کاری کے فروغ اور تجارتی سرگرمیوں میں اضافے کے لیے وفاقی حکومت ہر ممکن تعاون فراہم کرے گی۔
اس موقع پر صدر میرپور چیمبر چوہدری کاشف نذیر بجاڑ نے وفاقی وزیر کو میرپور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے دورے کی باضابطہ دعوت دی، جسے حنیف عباسی نے خوش دلی سے قبول کرتے ہوئے جلد میرپور کا دورہ کرنے کی یقین دہانی کرائی۔
وفد نے وزیراعظم پاکستان محمد شہباز شریف سے ملاقات کی درخواست بھی پیش کی، تاکہ آزاد کشمیر کی کاروباری و صنعتی برادری کو درپیش مسائل، سرمایہ کاری کے امکانات اور خطے کی معاشی ترقی سے متعلق تجاویز براہِ راست وزیراعظم کے سامنے رکھی جا سکیں۔ وفاقی وزیر نے اس سلسلے میں ملاقات کے انتظامات اور پیش رفت کے لیے اپنے بھرپور تعاون کی یقین دہانی کرائی۔
وفد میں نائب صدر خواجہ ظفر اقبال، سابق صدر چوہدری صہیب سعید، ایگزیکٹو ممبران ممتاز رسول میر، سہیل شفیع اپل، عمران منیر، ذیشان چوہان اور سیکرٹری جنرل خواجہ یامین شامل تھے۔
وفد نے وفاقی وزیر کے مثبت ردعمل اور تعاون کی یقین دہانی پر ان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے امید ظاہر کی کہ اس ملاقات سے وفاقی حکومت اور آزاد کشمیر کی کاروباری برادری کے درمیان روابط مزید مستحکم ہوں گے اور خطے میں صنعتی و تجارتی سرگرمیوں کو فروغ ملے گا۔








