اسلام آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (آئی سی سی آئی) نے پاکستان اور ویتنام کے درمیان اقتصادی و تجارتی تعلقات مضبوط بنانے کا مطالبہ کرتے ہوئے آزاد تجارتی معاہدے (ایف ٹی اے)، براہ راست رابطوں میں بہتری، کاروباری تعلقات میں اضافے اور مشترکہ منصوبوں کی تجویز دی ہے تاکہ دونوں ملکوں کی تجارت و سرمایہ کاری کی بڑی صلاحیت سے فائدہ اٹھایا جا سکے۔
آئی سی سی آئی کے صدر محمد زکریا اکبر ضیا نے کہا کہ پاکستان اور ویتنام کے درمیان بہتر براہ راست فضائی رابطے کاروباری سفر کو آسان بنائیں گے، تجارتی روابط مضبوط کریں گے اور دوطرفہ تجارت و سرمایہ کاری کو نئی رفتار دیں گے۔ انہوں نے یہ بات ہفتے کے روز آئی سی سی آئی میں ویتنام پاکستان انویسٹمنٹ اینڈ ٹریڈنگ کمپنی کی چیئر وومن لی تھی منہ تان کی سربراہی میں آنے والے نو رکنی ویتنامی کاروباری وفد کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہی۔
ضیا نے زور دیا کہ دونوں ممالک کو زیادہ متوازن تجارتی تعلقات کی طرف کام کرنا چاہیے اور دوطرفہ تجارت کو اربوں ڈالر تک بڑھانا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ویتنام آزاد تجارتی معاہدہ تجارتی رکاوٹیں کم کرنے، تکمیلی مصنوعات کی نشاندہی کرنے اور مشترکہ منصوبوں اور براہ راست کاروباری شراکت داری کی حوصلہ افزائی کے لیے ایک موثر فریم ورک فراہم کر سکتا ہے۔
پاکستان کی زرعی و صنعتی صلاحیت کو اجاگر کرتے ہوئے آئی سی سی آئی کے صدر نے کہا کہ پاکستان ویتنامی درآمد کنندگان کو گائے کا گوشت، مرغی، سمندری غذا، نمک اور دیگر زرعی مصنوعات میں پرکشش مواقع فراہم کر سکتا ہے۔ انہوں نے ویتنامی کمپنیوں کو فوڈ پروسیسنگ، ویلیو ایڈیشن اور ٹیکنالوجی کی منتقلی میں شراکت داری تلاش کرنے کی دعوت دی۔
انہوں نے کہا کہ دونوں ملکوں کے نجی شعبوں کے درمیان قریبی تعاون غیر استعمال شدہ مواقع کو پائیدار تجارتی شراکت داری میں تبدیل کر سکتا ہے۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے لی تھی منہ تان نے کہا کہ تقریباً 30 ویتنامی کاروباری نمائندوں نے کراچی فوڈ اینڈ ایگریکلچر نمائش میں تجارت و سرمایہ کاری کے مواقع تلاش کرنے کے لیے شرکت کی جہاں چہ مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط ہوئے جن میں سے چار سمندری غذا کی تجارت سے متعلق تھیں۔
انہوں نے کہا کہ ویتنامی کمپنیاں پاکستانی سمندری غذا، مویشیوں کی خوراک، نمک اور دیگر زرعی مصنوعات درآمد کرنے میں دلچسپی رکھتی ہیں جبکہ مچھلی کا آٹا، مچھلی کا تیل، مچھلی کا پاؤڈر، ویٹرنری ادویات، جانوروں و انسانوں کی صحت کی دیکھ بھال اور خوبصورتی سے متعلق مصنوعات میں مزید مواقع کی نشاندہی کی گئی ہے۔
تان نے ایک مخصوص پاکستان ویتنام کور ورکنگ گروپ قائم کرنے کی تجویز دی جس میں ان کی کمپنی کی نمائندگی کرنے والے ویتنامی کاروبار اور آئی سی سی آئی کی نشاندہی کردہ معتبر و تجربہ کار پاکستانی درآمد و برآمد کمپنیاں شامل ہوں تاکہ منظم فالو اپ یقینی بنایا جا سکے اور بات چیت کو ٹھوس کاروباری لین دین میں تبدیل کیا جا سکے۔
ویتنام کے پھیلتے ہوئے صنعتی پارکوں اور خصوصی اقتصادی زونز کو اجاگر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ صنعتی ترقی سے ہنر مند افرادی قوت کی بڑی مانگ پیدا ہو رہی ہے اور انہوں نے ویتنامی صنعتوں میں ملازمت کے لیے پاکستانی کارکنوں کی تربیت و بھرتی کے امکانات تلاش کرنے میں دلچسپی ظاہر کی۔








