صدر آل جموں و کشمیر مسلم کانفرنس و سابق وزیراعظم آزاد کشمیر سردار عتیق احمد خان نے کہا ہے کہ مسلم کانفرنس کو مضبوط و مستحکم بنانا اور تحریک آزادی کشمیر کو جاندار انداز میں اجاگر کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔
دورہ مظفرآباد کے دوران گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ تحریک آزادی کشمیر کشمیری عوام کی قومی جدوجہد ہے، جسے مضبوط سیاسی موقف، بھرپور عوامی رابطوں اور موثر سفارتی و سیاسی سرگرمیوں کے ذریعے دنیا کے سامنے اجاگر کرنے کی ضرورت ہے۔
انہوں نے دورہ مظفرآباد کے دوران مسلم کانفرنس کے عہدیداران اور کارکنان سے آزاد کشمیر کی موجودہ سیاسی و مجموعی صورتحال، جماعتی امور اور تحریک آزادی کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا اور کارکنوں کو ہدایت کی کہ وہ جماعتی سرگرمیوں کو مزید فعال بنائیں اور مسلم کانفرنس کے پیغام کو عوام تک پہنچانے کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کریں۔
سردار عتیق احمد خان نے حریت پسند کمانڈر محمد لطیف بٹ کی شہادت کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ قابض فورسز کی جانب سے شہید کا جسد خاکی بھی اپنی تحویل میں لے لیا گیا، جو انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزی ہے۔
انہوں نے کہا کہ فوجی کریک ڈاؤن، گرفتاریوں اور تلاشی آپریشنز کے ذریعے کشمیری عوام کے جذبہ آزادی کو دبایا نہیں جا سکتا۔ کشمیری عوام اپنے بنیادی حقوق اور حق خودارادیت کے حصول کے لیے جدوجہد جاری رکھیں گے۔
انہوں نے اقوام متحدہ، اسلامی تعاون تنظیم (او آئی سی)، ایمنسٹی انٹرنیشنل، ہیومن رائٹس واچ اور دیگر عالمی امن و انسانی حقوق کے اداروں سے مطالبہ کیا کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی مبینہ پامالیوں، ماورائے عدالت قتل، جعلی مقابلوں اور فوجی کارروائیوں کا فوری نوٹس لیں اور ان کی روک تھام کے لیے اپنا موثر کردار ادا کریں۔
دورے کے دوران سابق وزیراعظم آزاد کشمیر نے سابق ڈپٹی کمشنر سردار ارباب عباسی اور ان کے صاحبزادگان صوفی اسرار عباسی اور شاہ رخ ارباب عباسی کی جانب سے دیے گئے عشائیے میں بھی شرکت کی۔ انہوں نے دومیل سیداں میں تاجر رہنما میاں عبدالحنان کی وفات پر ان کے صاحبزادگان شیراز حنان اور سبیل حنان سے ملاقات کرکے تعزیت و ہمدردی کا اظہار کیا اور مرحوم کے ایصال ثواب، بلندی درجات اور لواحقین کے لیے صبر جمیل کی دعا کی۔








