مظفرآباد — وزیراعظم آزاد جموں و کشمیر افتخار گیلانی نے جمعرات کو مظفرآباد کے لال چوک میں حکومت کے سو روزہ پلان کے حوالے سے عظیم الشان جلسہ عام سے خطاب کیا، جس میں انہوں نے روزگار، کاروبار اور سیاحت کے فروغ کے حوالے سے حکومت کی ترجیحات پیش کیں۔ یہ جلسہ حکومت کی جانب سے پلان کے اعلان کے ایک روز بعد منعقد ہوا، اور جلسہ گاہ آمد پر وزیراعظم کا عوام کی جانب سے پرتپاک استقبال کیا گیا۔
جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ حکومت نے سو روزہ پلان سے لے کر پانچ سال تک کی حکمت عملی عوام کے سامنے رکھی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریاستی عوام کے مستقبل کو خوشحال بنانے کے فیصلے ایک دن میں نہیں ہو سکتے، اسی لیے سو روزہ پلان کی تیاری میں وقت لگا۔
انہوں نے کہا کہ ریاست میں افراتفری، بے چینی اور سیاسی عدم استحکام کے خاتمے کے لیے سنجیدہ اقدامات کرنا ہوں گے۔ گزشتہ دور میں چار حکومتیں تبدیل ہوئیں جس کے باعث عوامی مسائل اور ترقیاتی عمل متاثر ہوا۔
وزیراعظم نے کہا کہ نئی نسل کی کردار سازی اور قرآن و سنت کی تعلیمات سے آگاہی کے لیے پروگرام شروع کیا جا رہا ہے۔
روزگار کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ صرف سرکاری نوکریوں سے بیروزگاری کا مکمل خاتمہ نہیں کیا جا سکتا، اور حکومت سرکاری ملازمتوں پر انحصار کم کرنے کے لیے کاروبار اور خود روزگاری کے مواقع فراہم کرے گی۔ تمام سرکاری محکموں میں بھرتیاں تھرڈ پارٹی کے ذریعے ہوں گی، اور ہزاروں نوجوان اپنی اہلیت اور صلاحیت کی بنیاد پر روزگار حاصل کر سکیں گے۔
انہوں نے کہا کہ اپنا روزگار سکیم کے تحت نوجوانوں کو آسان شرائط پر بلاسود قرضے فراہم کیے جائیں گے، اور کاروبار شروع کرنے کی راہ میں حائل پیچیدگیوں کو ختم کیا جائے گا۔
سیاحت کے حوالے سے وزیراعظم نے کہا کہ ڈسکور اے جے کے کے تحت ریاست کے سیاحتی مقامات کو دنیا کے سامنے متعارف کروایا جائے گا۔ سیاحت کو فروغ دے کر ریاست کے عوام کو اپنے پاؤں پر کھڑا کرنا چاہتے ہیں، کیونکہ سیاحوں کی آمد سے مقامی کاروبار، سرمایہ کاری اور روزگار کے نئے راستے کھلیں گے۔
انہوں نے کہا کہ تمام سرکاری گیسٹ ہاؤسز کو پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت فعال کیا جائے گا، اور ریاست کے تمام انٹری پوائنٹس پر ٹک شاپس قائم کی جائیں گی تاکہ مقامی لوگوں کو کاروبار کے مواقع ملیں۔ 52 سیاحتی مقامات پر تین سے چھ ماہ میں ترقیاتی سرگرمیاں مکمل کرنے کا منصوبہ ہے، اور لیپہ اور ساماری میں ایکو ٹورازم کے فروغ کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔








