وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ کم عمر ملازمہ فاطمہ اصغر کے قتل کے مقدمے میں پولیس پر بہت دباؤ تھا، اور یقین دلایا کہ اس کیس میں پولیس کی تگڑی انکوائری جاری ہے اور جاری رہے گی۔
اسلام آباد ایکسپریس وے سروس روڈ کے دورے کے موقع پر میڈیا سے گفتگو میں محسن نقوی سے سوال کیا گیا کہ ڈائریکٹر ایف آئی اے گوجرانولہ کے گھر پر کم عمر ملازمہ فاطمہ کے قتل کی کمزور ایف آئی آر کیوں درج کی گئی؟
محسن نقوی نے اعتراف کیا کہ اس کیس میں پولیس پر بہت دباؤ تھا، اور سفر میں ہونے کے باوجود انہوں نے فاطمہ اصغر کا کیس خود دیکھا، جب کہ بچی کے والد مقدمہ ہی درج نہیں کروا رہے تھے۔
رپورٹ کے مطابق ڈائریکٹر ایف آئی اے کے گھر پر کم عمر ملازمہ فاطمہ کو تین سال سے تشدد کا نشانہ بنایا جا رہا تھا، اور اس کی موت بھی بدترین تشدد سے ہوئی۔ پوسٹ مارٹم رپورٹ میں فاطمہ کے جسم پر سر سے پیر تک تشدد کے نشانات کا انکشاف ہوا ہے، جسم پر 20 بڑے زخم اور نشانات پائے گئے ہیں جب کہ تشدد کے باعث پورا جسم سوج گیا تھا اور جگہ جگہ خون جم گیا تھا۔
رپورٹ میں مزید بتایا گیا ہے کہ ڈائریکٹر ایف آئی اے محمد بن اشرف اور بچی کے والد کو بھی تشدد کا علم تھا۔








